تحریکِ انصاف کے ترجمان نے اپنی جماعت پر دہشت گردوں کی آبادکاری کے الزام کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عوام اور قبائلی رہنماؤں نے 2021 میں دہشت گردوں کی واپسی کے منصوبے کو مسترد کردیا تھا اور عمران خان کے دورِ حکومت میں اس منصوبے پر کبھی عمل نہیں ہوا۔ ترجمان کے مطابق دہشت گردی کی ذمہ داری تحریک انصاف پر ڈالنا حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس (ٹوئٹر)‘ پر جاری پیغام میں الزام لگایا تھا کہ ہزاروں طالبان کو عمران خان نے پاکستان لا کر بسایا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی پی ٹی آئی دہشت گردوں سے مذاکرات کی بات کر رہی ہے، جبکہ سالوں سے ہماری فوج اور عوام کا خون بہایا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ افغان حکومت کے ساتھ طویل مذاکرات اور وفود کے کابل آنے جانے کے باوجود پاکستان میں خونریزی کا سلسلہ بند نہیں ہوا۔ قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیرِ دفاع نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دہشت گردوں کے لیے کوئی نرم گوشہ یا رعایت برداشت نہیں کی جائے گی، اور دہشت گردوں کو پناہ دینے والوں کو بھی حساب دینا ہوگا۔

