اسلام آباد: پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افغان پوسٹیں تباہ ہو گئیں جبکہ درجنوں افغان فوجی اور خوارج ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کے مختلف سرحدی علاقوں میں خوارج کی تشکیلوں کو کور فراہم کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان فورسز نے رات گئے انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور بارام چاہ کے مقامات پر بلا اشتعال فائرنگ کی، جس کا مقصد خوارج کے گروہوں کو سرحد پار پاکستان میں داخل کرانا تھا۔ پاک فوج نے فوری طور پر بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں افغانستان کی کئی پوسٹیں اور خوارج کے مراکز تباہ ہوئے، جبکہ بھاری نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ درجنوں افغان فوجی اور خوارج مارے گئے، جب کہ طالبان متعدد لاشیں اور اپنی پوسٹیں چھوڑ کر پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے کارروائی میں آرٹلری، ٹینکوں، بھاری اور ہلکے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ فضائی اثاثوں کا بھی استعمال کیا۔ پاک فوج کے ڈرونز اور فضائی آپریشنز کے ذریعے افغانستان کے اندر موجود داعش اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان پوسٹیں خوارج کو کور فائر فراہم کرنے میں مکمل ناکام رہی ہیں، جبکہ افغانستان کے اندر داعش اور فتنہ الخوارج کو پناہ دینے والے ہیڈکوارٹرز کو بھی پاک فوج کی کارروائیوں میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے کئی بار افغان حکومت کو متنبہ کیا تھا کہ اس کی سرزمین سے خوارج اور دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں کو روکا جائے، تاہم بلا اشتعال کارروائیوں کے بعد پاکستان کو اپنے دفاع میں مؤثر جواب دینا پڑا۔