اسلام آباد: پاک افغان بارڈر پر افغان طالبان کی اشتعال انگیزی کے بعد پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان چیک پوسٹوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا اور ان پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرا دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق چترال کے قریب سرحد پار افغانستان کی ایک اہم پوسٹ کو پاک فوج نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ جوابی کارروائی کے دوران افغان فوجی اپنے ٹھکانے چھوڑ کر بھاگ گئے جبکہ پوسٹ پر درجنوں لاشیں بھی دیکھی گئیں۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کی کارروائیوں میں نہ صرف افغان فورسز کے متعدد ٹھکانے اور چوکیاں تباہ ہوئیں بلکہ اشتعال انگیزی کرنے والی دو درجن کے قریب سرحدی چوکیوں کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران افغان فوج کے متعدد اہلکار اور خوارج ہلاک ہوئے جبکہ کئی نے خود کو پاک فوج کے سامنے سرنڈر کر دیا۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے افغان فوجیوں کے چھوڑے گئے ٹھکانوں پر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا اور افغان پوسٹوں پر سبز ہلالی پرچم لہرانے کے بعد علاقے کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کی منوجبا ٹو پوسٹ کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، جو پاکستان پر فائرنگ کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔ پاکستانی فورسز نے مؤثر حکمت عملی کے تحت دشمن کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیا اور سرحدی علاقوں کو محفوظ بناتے ہوئے دشمن عناصر کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے کی گئی بلااشتعال فائرنگ کا مقصد خوارج کی سرحد پار نقل و حرکت کو ممکن بنانا تھا، تاہم پاک فوج نے نہ صرف اس کوشش کو ناکام بنایا بلکہ دشمن کے ٹھکانوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا۔
پاکستانی دفاعی اداروں کا کہنا ہے کہ سرحد پر امن و استحکام کے قیام کے لیے پاک فوج ہر قیمت پر قومی سلامتی کا دفاع جاری رکھے گی اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔