پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کے بعد پاکستانی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان بارڈر کی 19 پوسٹوں پر مکمل قبضہ کر لیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے رات گئے مختلف سرحدی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ اور حملے کیے گئے، جس کے جواب میں پاک فوج نے مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران پاکستان نے ان 19 افغان پوسٹوں پر قبضہ کر لیا جن سے پاکستانی علاقے پر حملے کیے جا رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق قبضے میں لی گئی افغان پوسٹوں پر آگ اور تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں، جبکہ بیشتر افغان طالبان اور سرحدی اہلکار پوسٹیں خالی چھوڑ کر بھاگ گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پاک فوج کی ایک بڑی اور اہم کامیابی ہے جس نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ افغانستان کی جانب سے پاک افغان بارڈر کے مختلف مقامات، جن میں انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور بارام چاہ شامل ہیں، پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں متعدد افغان فوجی ہلاک ہوئے جبکہ بھاری نقصان کے باعث کئی افغان چوکیاں خالی کر دی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی کے بعد سرحدی علاقے میں حالات قابو میں ہیں اور سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا سلسلہ تقریباً رک چکا ہے۔ پاکستانی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں تاکہ کسی بھی نئی اشتعال انگیزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جا سکے۔