اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے غزہ میں جنگ بندی کے باوجود وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے مظاہرین کو مشورہ دیا ہے کہ "جنگ ختم ہو چکی ہے، اب گھر جائیں”۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ کے عوام دو سال تک ظلم و بربریت کا سامنا کرتے رہے اور اس دوران دنیا بھر میں فلسطین کے حق میں مظاہرے ہوئے، جن میں بڑی تعداد غیر مسلم ممالک کے شہریوں کی تھی، لیکن پاکستان میں بعض افراد کو شاید اس تمام صورتحال کی خبر ہی نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ "اب جب غزہ میں جنگ بندی ہو چکی ہے اور معاہدہ طے پا گیا ہے، تو کچھ لوگ اسلام آباد میں فلسطینیوں سے محبت کے نام پر احتجاج کر رہے ہیں۔ انہیں بتایا جائے کہ لڑائی ختم ہو چکی ہے، آپ کس بات کا احتجاج کر رہے ہیں؟ فلسطینی اب مٹھائی کھا رہے ہیں اور ہم یہاں احتجاج کر رہے ہیں۔”
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث متعدد راستے بدستور بند ہیں، جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر انٹرنیٹ، موبائل فون سروس، اور میٹرو بس سروس معطل کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں بھی میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین سروس متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سڑکوں کی بندش اور پبلک ٹرانسپورٹ کی معطلی کے باعث دفاتر اور تعلیمی اداروں کی حاضری بھی متاثر ہوئی ہے۔

