راولپنڈی: پاکستان آرمی نے برطانیہ میں ہونے والی بین الاقوامی فوجی مشق *کیمبرین پیٹرول 2025* میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ عالمی سطح کی مشق 3 سے 13 اکتوبر 2025 تک برطانیہ کے علاقے ویلز میں منعقد ہوئی۔ مشق کیمبرین پیٹرول اپنے 66 ویں سال میں بھی دنیا کی مشکل ترین اور سب سے زیادہ پیشہ ورانہ فوجی مشقوں میں سے ایک قرار دی گئی۔
کیمبرین پیٹرول 2025 میں دنیا کے 36 ممالک کی 137 ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت کیپٹن محمد سعد نے کی، جن کی قیادت میں ٹیم نے غیر معمولی مہارت، نظم و ضبط اور فیلڈ آپریشن کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گولڈ میڈل کا حصول نہ صرف پاک فوج بلکہ پوری قوم کے لیے قابلِ فخر لمحہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج ہمیشہ اپنی اعلیٰ تربیت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار کے سبب دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔
ترجمان کے مطابق، پاکستانی ٹیم کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فوج نہ صرف جنگی صلاحیتوں میں بہترین ہے بلکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت یافتہ بھی ہے۔واضح رہے کہ کیمبرین پیٹرول کو دنیا کی مشکل ترین فوجی مشقوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں شرکاء کو طویل فاصلے پیدل طے کرنے، مشکل جغرافیائی حالات میں اہداف مکمل کرنے، دفاعی حکمتِ عملی، اور ہنگامی فیصلوں کی صلاحیت پر جانچا جاتا ہے۔