اسلام آباد: پاکستان نے جاپان کے شہر اوساکا میں ہونے والی عالمی نمائش ایکسپو 2025 میں 2 بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیے۔
نمائش کی کیٹیگری میں پاکستانی پویلین کو کانسی کا تمغہ دیا گیا جبکہ ایڈیٹرز چوائس ایوارڈ بھی پاکستان کے حصے میں آیا، جو اُن ممالک کو دیا جاتا ہے جو تخلیقیت اور جدت میں نمایاں کارکردگی دکھائیں۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستانی پویلین کو صرف 53 مربع میٹر کی جگہ دی گئی تھی، مگر اس کے باوجود 17 لاکھ سے زائد افراد نے پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔پویلین میں پاکستان کی ثقافت، ورثہ، سیاحت، صنعت اور ٹیکنالوجی کو جدید اور منفرد انداز میں پیش کیا گیا جس نے بین الاقوامی سطح پر زبردست تاثر چھوڑا۔
واضح رہے کہ جاپان کے تاریخی شہر اوساکا میں کئی ماہ تک جاری رہنے والی اس عالمی نمائش میں 100 سے زائد ممالک نے اپنی ثقافت اور معاشی وژن کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایکسپو 2025 میں پاکستان کی یہ کامیابی نہ صرف ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتی ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی ہنر، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کا ثبوت بھی ہے۔