لاہور: جنوری 2026 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سری لنکا کے دورے کا امکان ہے، جس کے لیے دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ سیریز میں تین ٹی 20 میچز کولمبو میں 8، 10 اور 12 جنوری کو کھیلے جانے کا امکان ہے، تاہم حتمی فیصلہ دیگر انتظامی معاملات طے ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم رواں سال نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی، جہاں 11 سے 15 نومبر تک تین ون ڈے میچز شیڈول ہیں، اس کے بعد 17 سے 29 نومبر تک افغانستان کی شمولیت سے ٹرائنگولر سیریز ممکن ہے، تاہم پاک افغان تعلقات میں کشیدگی کے باعث یہ ابہام برقرار ہے کہ آیا ٹرائنگولر سیریز ہوگی یا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان باہمی میچز ہوں گے۔
دوسری جانب پی سی بی نے ایشیا کپ کے بعد قومی کھلاڑیوں کے لیگز این او سی معطل کر دیے تھے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت پر بھی بات چیت جاری ہے، لیکن اگر جنوری میں سری لنکا کا دورہ طے ہوگیا تو این او سی کا معاملہ مزید پیچیدہ ہو جائے گا۔
آسٹریلوی بگ بیش لیگ 14 دسمبر سے 25 جنوری تک جاری رہے گی، جس میں سات پاکستانی کرکٹرز شامل ہیں — بابر اعظم (سڈنی سکسرز)، محمد رضوان اور حسان خان (میلبرن رینیگیڈرز)، شاہین شاہ آفریدی (برسبین ہیٹ)، حسن علی (ایڈیلیڈ سٹرائیکرز)، حارث رؤف (میلبرن سٹارز) اور شاداب خان (سڈنی تھنڈرز)۔
گوکہ بابر اعظم اور محمد رضوان فی الحال قومی ٹی 20 اسکواڈ کا حصہ نہیں، لیکن مستقبل میں ان کی واپسی کا امکان موجود ہے۔ شاداب خان تیزی سے فٹنس حاصل کر رہے ہیں، جبکہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف قومی ٹی 20 ٹیم کے مستقل رکن ہیں۔
پی سی بی دورۂ سری لنکا کی تصدیق کے بعد کھلاڑیوں کے این او سی سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گا۔