لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ زندگی کی بقا کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔
قدرتی آفات سے آگاہی اور بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ بروقت تیاری اور منصوبہ بندی سے قدرتی آفات کے نتیجے میں انسانی جان و مال اور ماحول کو تباہ کن نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات کو مکمل طور پر روکا تو نہیں جا سکتا، تاہم جدید ٹیکنالوجی، اشتراکِ عمل اور پیشگی اقدامات کے ذریعے ان کے اثرات کو کم ضرور کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے نے ماضی میں تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا کیا اور اس دوران سب سے بڑا ریسکیو، ریلیف اور انخلا آپریشن کامیابی سے انجام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب میں سیلاب کی آمد سے قبل بروقت تیاری نہ کی جاتی تو بہت زیادہ جانی نقصان کا خدشہ تھا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت کو فخر ہے کہ اس نے لاکھوں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں کو بھی محفوظ بنایا، بروقت اقدامات اور میڈیکل کیمپس کے قیام سے متعددی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو سیلاب، زلزلے اور دیگر قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومتِ پنجاب کے تمام ادارے متحرک ہیں اور ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل یقینی بنایا جا سکے۔