چمن/کرم: پاک فوج نے اسپن بولدک اور کرم سیکٹر میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے بیک وقت حملے ناکام بناتے ہوئے 20 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جب کہ متعدد دہشتگردوں کے فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق علی الصبح افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے تین مختلف مقامات پر حملے کیے جنہیں پاک فوج نے بروقت اور مؤثر کارروائی سے پسپا کر دیا۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 15 سے 20 افغان طالبان موقع پر ہلاک ہوئے جبکہ متعدد زخمی حالت میں پسپا ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے حملے کے دوران دیہات اور عام شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی، تاہم پاک فوج نے انتہائی احتیاط کے ساتھ کارروائی کی تاکہ شہریوں کو نقصان نہ پہنچے۔
عینی شاہدین کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے پاک افغان دوستی گیٹ کو اپنی طرف سے دھماکے سے اڑا دیا۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ گیٹ کو تباہ کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغان طالبان تجارت اور مقامی آمدورفت کے مخالف ہیں اور علاقے میں امن و استحکام نہیں چاہتے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے کے دوران افغان طالبان کی جانب سے “ایلبرس” میزائل سسٹم کے استعمال کا بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشتگردوں کے پاس جدید اور خطرناک ہتھیار موجود ہیں۔
مزید اطلاعات کے مطابق چمن اسپن بولدک کے اطراف میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے مزید گروہ اکٹھے ہو رہے ہیں، جس کے بعد پاک فوج نے سرحدی چوکیوں اور نگرانی کے نظام کو مزید سخت کر دیا ہے۔
ادھر کرم سیکٹر میں بھی گزشتہ رات افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے حملے کی کوشش کی، جسے پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی سے ناکام بنا دیا۔ جوابی وار میں افغان طالبان کی 8 چوکیاں اور 6 ٹینک بمعہ عملہ مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کرم سیکٹر میں کارروائی کے دوران کئی دہشتگرد مارے گئے جبکہ امریکی ساختہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں مکمل خاموشی ہے اور پاک فوج نے سرحدی لائن پر اعلیٰ درجے کی الرٹ حالت برقرار رکھی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حملوں کے بعد دونوں سیکٹرز میں نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط کر دیا گیا ہے جبکہ کسی بھی ممکنہ نئی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔