کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے، 100 انڈیکس میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ روز مارکیٹ میں غیر معمولی کاروبار دیکھنے میں آیا تھا اور 100 انڈیکس 7 ہزار پوائنٹس کے اضافے کے بعد 1,65,476 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا تھا۔ یہ اضافہ بھارت کو کرکٹ میچ میں شکست دینے کے بعد سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد اور مثبت جذبات کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 12 مئی کے کاروباری دن میں 10 ہزار پوائنٹس کے اضافے کے بعد گزشتہ روز کا اضافہ اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اضافہ تھا۔
آج کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی مثبت رجحان برقرار ہے۔ ابتدائی کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1,280 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس 1,66,756 پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا۔
کاروبار کے دوران سرمایہ کاروں کی دلچسپی برقرار رہی اور مارکیٹ میں مزید بہتری دیکھنے میں آئی۔ اب تک 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 1,535 پوائنٹس کا اضافہ ہوچکا ہے، جس کے بعد انڈیکس 1,67,000 پوائنٹس کی حد عبور کر چکا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کی کامیابی، روپے کی قدر میں استحکام اور بیرونی سرمایہ کاروں کی دلچسپی مارکیٹ میں مثبت رحجان پیدا کر رہی ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی برقرار رہ سکتی ہے۔

