پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی 18 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس نعیم انور پر مشتمل ڈویژن بینچ نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ سہیل آفریدی کن ایف آئی آرز میں نامزد ہیں؟ اس پر ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ ہمیں خود بھی معلوم نہیں، ممکن ہے کہ میں بھی کسی ایف آئی آر میں نامزد ہوں۔
ایڈووکیٹ جنرل نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان سے ملاقات کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ مقدمات کی تفصیلات پیش کرنا ضروری ہے تاکہ واضح ہو سکے کہ کن الزامات میں درخواست گزار کو مطلوب قرار دیا گیا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سہیل آفریدی کے خلاف درج مقدمات کی مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئے ان کی **18 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی**۔ عدالت نے پولیس کو یہ بھی حکم دیا کہ اس دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔

