غزہ: حماس نے غزہ امن معاہدے کے تحت مزید دو اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیلی حکام کے حوالے کر دیں، جس کے بعد ہلاک شدہ یرغمالیوں کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ریڈ کراس نے یہ دونوں لاشیں غزہ میں تعینات اسرائیلی فوج کے حوالے کیں۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیرِ نگرانی جاری امن منصوبے کے تحت اٹھایا گیا، اور تنظیم اپنے وعدوں کے مطابق تمام انسانی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔
القسام بریگیڈز کے ترجمان کے مطابق، حماس نے وہ تمام زندہ یرغمالی اور لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دی ہیں جن تک رسائی ممکن تھی۔ تاہم کچھ یرغمالیوں کی لاشیں ملبے تلے یا تباہ شدہ علاقوں میں موجود ہیں، جن کی بازیابی کے لیے خصوصی آلات اور بین الاقوامی امداد درکار ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس سے قبل بھی حماس نے 8 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کی تھیں۔ اب دو مزید لاشیں حوالے کرنے کے بعد اسرائیل کے پاس مجموعی طور پر 10 ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں پہنچ چکی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس کی قید کے دوران ہلاک ہونے والے بیشتر اسرائیلی یرغمالی ممکنہ طور پر غزہ میں اسرائیلی فضائی اور زمینی bombardment کے نتیجے میں مارے گئے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت غزہ امن معاہدے کے نفاذ میں ایک اہم قدم ہے، جس کے تحت دونوں فریق انسانی بنیادوں پر تعاون بڑھانے کے وعدے کر چکے ہیں۔