واشنگٹن/نئی دہلی: امریکی ٹیرف کے دباؤ کے باعث بھارت نے روس سے تیل خریدنے سے گریز کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی کہ وہ خوش نہیں تھے کہ بھارت روس سے تیل خرید رہا ہے، تاہم امور اب طے پا گئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران سات طیارے گرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی جنگ کے قریب پہنچ گئے تھے اور انہوں نے مودی کو واضح پیغام دیا تھا کہ اگر لڑائی نہ رکی تو دو سو فیصد ٹیرف لگا دوں گا۔ اُن کے بقول چوبیس گھنٹوں کے اندر کشیدگی ختم ہو گئی تھی۔
صدر نے مزید کہا کہ اس موقع پر پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی سطح پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ "آپ نے لاکھوں زندگیاں بچائیں”۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اب یوکرین جنگ ختم کرانے کی کوشش کریں گے اور ممکن ہے کہ صدر پوٹن کسی سمجھوتے پر آمادہ ہو جائیں۔