واشنگٹن: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو "بی مائنس” کے ساتھ مستحکم آؤٹ لک دینے پر بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی فچ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اس فیصلے کو حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحاتی اقدامات پر بین الاقوامی اعتماد کا مظہر قرار دیا۔
دورۂ امریکا کے دوران وزیر خزانہ نے فچ ریٹنگز کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی پیشرفت، استحکام کے اقدامات اور جاری اصلاحاتی پروگرام پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی حکومت مالی نظم و ضبط، محصولات کے نظام میں بہتری، توانائی کے شعبے کی اصلاحات اور نجکاری کے عمل کو شفاف انداز میں آگے بڑھا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ مکمل کیا ہے جو اقتصادی استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر تینوں بڑی بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں ہم آہنگی کو خوش آئند قرار دیا۔
محمد اورنگزیب نے فچ ٹیم کو حکومتی اصلاحات کے ساتھ ساتھ امریکی انتظامیہ کے ساتھ جاری تجارتی و ٹیرف مذاکرات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فچ ٹیم کے تمام سوالات کے تفصیلی جوابات دیے گئے، اور پاکستان کی حکومت نے یہ یقین دہانی کرائی کہ معیشت میں استحکام، پالیسی تسلسل اور اصلاحاتی عمل کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مالی اعتماد مزید مضبوط ہو۔