اسلام آباد: وزیرِ خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشتگردی کو روکنے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں، کیونکہ اس سلسلے میں مزید جانی نقصان برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ دوحہ میں گزشتہ رات طے پانے والے معاہدے کا پاکستان خیرمقدم کرتا ہے۔ یہ پیش رفت درست سمت میں اٹھایا گیا پہلا مثبت اور امید افزا قدم ہے، جو خطے میں دیرپا امن و استحکام کی بنیاد بن سکتا ہے۔
وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ممالک قطر اور ترکیہ کے تعمیری اور مثبت کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں "ٹھوس اور قابلِ تصدیق مانیٹرنگ میکنزم” کے قیام پر مفصل گفتگو ہوگی تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ افغان سرزمین دوبارہ کسی صورت دہشتگردوں کے استعمال میں نہ آئے۔
اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے علاقائی تعاون ناگزیر ہے اور پاکستان خطے میں امن و ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق، افغان قیادت کی عملی پیش رفت نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرے گی بلکہ سرحدی سلامتی اور خطے کے عوام کے تحفظ کے لیے بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔