راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں پاکستان نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 95 رنز بنا لیے ہیں۔
کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا۔
پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب امام الحق 17 رنز بنا کر ہارمر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس موقع پر کپتان شان مسعود کریز پر آئے اور عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 95 رنز بنا لیے ہیں۔ عبداللہ شفیق 37 اور شان مسعود 38 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
ٹاس کے موقع پر کپتان شان مسعود نے کہا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ حسن علی کو آرام دیا گیا ہے جبکہ آصف آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جو اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے آصف آفریدی کو ٹیسٹ کیپ دی۔ آصف آفریدی 39 سال اور 299 دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی بنے ہیں جو پاکستان کے سینئر ترین ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔
جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مارکرم نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔ ان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، کیشو مہاراج اور مارکو جینسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دی تھی، اور اب میزبان ٹیم کو سیریز اپنے نام کرنے کے لیے صرف ڈرا یا جیت درکار ہے۔