بلوچستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے بھائی جاں بحق
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح بلوچ جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ ضلع پنجگور کے علاقے چتکان میں پیش آیا، جہاں گھر کے قریب ہی نامعلوم حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں رکن بلوچستان اسمبلی کے چھوٹے بھائی ولید بلوچ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پنجگور پولیس کے مطابق مقتول نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی صالح محمد کے بیٹے، ڈسٹرکٹ چیئرمین مالک صالح بلوچ اور رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے چھوٹے بھائی تھے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور مقامی سیاسی شخصیات نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات امن و امان کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں، اور حکومت کو جلد از جلد مجرموں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے۔
پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں، جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
علاقے میں کشیدگی کے باعث سیکیورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔