نارروال: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نارووال میں جلد تین سو ایکڑ رقبے پر جدید انڈسٹریل زون قائم کیا جائے گا، جس سے مقامی لوگوں کو روزگار اور کاروبار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔
ناررووال میں ایک نجی شاپنگ مال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مریدکے تا نارووال روڈ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، اور امید ہے کہ نومبر تک سڑک کے ایک حصے کی تکمیل مکمل کر لی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مریدکے نارووال روڈ کی خستہ حالی پی ٹی آئی حکومت کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے، تاہم موجودہ حکومت نے اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر ازسرِ نو شروع کیا ہے تاکہ عوام کو محفوظ، آرام دہ اور تیز رفتار سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نارووال ایکسپریس وے کا منصوبہ بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ سیلاب کے باعث ایکسپریس وے کے ڈیزائن کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں قدرتی آفات سے بنیادی ڈھانچے کو محفوظ بنایا جا سکے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے صرف انفراسٹرکچر کی تعمیر نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کا ذریعہ ہیں، اور نارووال کو معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔