نیویارک: پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کو ثقافت کے فروغ اور شاندار فنکارانہ خدمات کے اعتراف میں پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی کی جانب سے "کلچرل آئیکون ایوارڈ” سے نوازا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایوارڈ تقریب نیویارک میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ علی ظفر کو یہ اعزاز پاکستانی ثقافت، موسیقی اور فنون لطیفہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے دیا گیا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنے اظہارِ خیال میں علی ظفر نے کہا کہ وہ اس اعزاز پر بے حد شکر گزار ہیں، کیونکہ فن اور ثقافت انسانوں کے درمیان محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فن کی طاقت سرحدوں سے ماورا ہے اور یہ دلوں کو جوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کی ثقافتی پہچان کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے کوشاں رہے ہیں۔ علی ظفر نے اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے پاکستان میں تعلیم، سیلاب متاثرین کی بحالی اور نوجوان فنکاروں کی تربیت کے منصوبوں پر بھی کام کیا ہے۔
ایوارڈ تقریب میں شرکا نے علی ظفر کے کام کو پاکستان کی نرم شبیہ اجاگر کرنے کی ایک مثبت کاوش قرار دیا اور کہا کہ ان جیسے فنکار ملک کا فخر ہیں۔