اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو داخلی سیکیورٹی کی صورتحال، انسدادِ دہشتگردی کے اقدامات اور وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ داخلہ کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ شہریوں کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ملاقات میں اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ عوام کو جلد از جلد بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔