اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک اس وقت کئی چیلنجز سے گزر رہا ہے اور ان مشکلات کا مقابلہ صرف اتحاد، اتفاق اور قومی یکجہتی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلاول ہاؤس کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ملک کی مجموعی داخلی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے بلاول بھٹو زرداری کو ملک کی داخلی سکیورٹی سے متعلق حالیہ اقدامات، انسداد دہشتگردی آپریشنز اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں داخلی سلامتی کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں تمام اداروں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ قومی مفاہمت اور اتفاقِ رائے کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ ملک کے داخلی استحکام اور امن و امان کے قیام کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان بھرپور تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد تمام اداروں کے ساتھ مل کر سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے تاکہ عوام کو ایک محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ قومی یکجہتی اور سیاسی استحکام ہی پاکستان کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔