کوئٹہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران تین ملزمان ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ بروری روڈ کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے گشت پر مامور پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں تین حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت اور ان کے تعلق کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ دیگر ممکنہ ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔

