گوجرانوالہ میں حافظ آباد روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ قلعہ دیوان سنگھ کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرک نے کیری ڈبے کو زور دار ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں موقع پر ہی تباہی مچ گئی۔
حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین مرد اور دو خواتین شامل ہیں جن کی شناخت امجد، جبران، اذان، رخسانہ اور نسرین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ زخمیوں کو ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجرانوالہ منتقل کیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ٹرک ڈرائیور کی تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمیوں کو گاڑی کے ملبے سے نکالنے کے لیے بھاری مشینری کی مدد لی گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب کمالیہ میں بھی رجانہ روڈ پر المناک حادثہ پیش آیا جہاں ملتان سے لاہور جانے والی ڈبل کیبن گاڑی سامنے سے آنے والے سبزی کے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالہ اور کمالیہ کے دونوں حادثات میں مجموعی طور پر نو افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

