اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا مقام اور وقت چوتھی مرتبہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی گروپ کا اجلاس آج شام زرداری ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے، جس میں بلاول بھٹو اور فریال تالپور بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے ارکان اسمبلی کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جب کہ اس اجلاس میں نئے وزیراعظم کی نامزدگی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق کو عہدے سے ہٹانے اور نئی حکومت تشکیل دینے سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے مطلوبہ ارکانِ اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے کے لیے فریال تالپور کی اہم ملاقاتیں جاری ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پیپلزپارٹی کو 27 ارکانِ اسمبلی کی حمایت حاصل ہو گئی تو آج ہی نیا وزیراعظم نامزد کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ عظمیٰ کے لیے پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین، لطیف اکبر اور سردار یعقوب کے نام زیرِ غور ہیں۔

