اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔
یہ درخواست شہری غلام مرتضیٰ کی جانب سے ان کے وکیل بیرسٹر ظفراللہ کے توسط سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے غیرقانونی، بدنیتی پر مبنی اور انتشار پھیلانے والے بیانات شیئر کیے جا رہے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ دورانِ قید عمران خان کے اکاؤنٹ سے مبینہ طور پر کی جانے والی انتشاری پوسٹس کو ہٹایا جائے اور آئندہ ایسی کسی سرگرمی سے روکا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر 4 نومبر کو اس درخواست پر سماعت کریں گے، جس کے لیے رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ بھی جاری کردی ہے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا ہے، جب کہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی، سپرنٹنڈنٹ جیل اور دیگر متعلقہ فریقین سے بھی جواب مانگا گیا ہے۔

