لندن: برطانیہ میں سمر ٹائم (Daylight Saving Time) کا اختتام آج رات ہورہا ہے جس کے بعد گھڑیاں ایک گھنٹہ پیچھے کردی جائیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ٹھیک دو بجے گھڑیوں کو ایک گھنٹہ پیچھے کر کے ایک بجا دیا جائے گا۔ اس تبدیلی کے ساتھ برطانیہ میں ونٹر ٹائم (Winter Time) کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق گھڑیوں کا وقت پیچھے کرنے کا مقصد دن کی روشنی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے تاکہ توانائی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔ اس نظام کے تحت سردیوں میں دن جلد اندھیرے میں ڈھلتے ہیں، اس لیے گھڑیوں کو پیچھے کر کے قدرتی روشنی کے مطابق معمولات زندگی کو ہم آہنگ کیا جاتا ہے۔
یہ ونٹر ٹائم آئندہ برس 29 مارچ تک برقرار رہے گا، جس کے بعد گھڑیاں دوبارہ ایک گھنٹہ آگے کردی جائیں گی اور سمر ٹائم بحال ہو جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح گھڑیاں پیچھے ہونے سے شہریوں کو ایک گھنٹہ اضافی نیند کا موقع ملے گا۔ اسمارٹ فون، لیپ ٹاپ اور دیگر جدید آلات میں وقت خودبخود درست ہو جائے گا، تاہم دیواروں اور گاڑیوں میں لگی گھڑیوں کو ہاتھ سے درست کرنا پڑے گا۔
وقت کی اس تبدیلی کے نتیجے میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان وقت کا فرق چار سے بڑھ کر پانچ گھنٹے ہو جائے گا۔

