اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پولینڈ کے نائب وزیر داخلہ میچے ڈشچک (Maciej Duszczyk) نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، پولینڈ میں تعینات پاکستانی سفیر محمد سمیع، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ میجر جنرل (ر) نور ولی خان اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی موجود تھے۔
محسن نقوی نے وزارت داخلہ آمد پر پولینڈ کے نائب وزیر داخلہ کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات دیرینہ اور دوستانہ بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کو سکیورٹی، امیگریشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینی چاہیے۔
ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن، بارڈر سکیورٹی، اور میوچل لیگل اسسٹنس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ حکومتی سطح پر روابط میں اضافے کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن پاکستان کے لیے ایک حساس معاملہ ہے، حکومت نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سمندری سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے کوسٹ گارڈز کی استعداد کار بڑھانے پر توجہ دے رہا ہے۔
پولینڈ کے نائب وزیر داخلہ میچے ڈشچک نے پاکستان کی جانب سے انسانی اسمگلنگ کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ کوششیں تیز کرنی ہوں گی۔ انہوں نے اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور طلال چودھری کو پولینڈ کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ تعاون کے نئے امکانات پر مزید پیشرفت کی جا سکے۔

