فجیرہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں خاتون سے ایک لاکھ پچانوے ہزار درہم چوری کرنے والے دو چور صرف تین گھنٹے میں گرفتار کر لیے گئے۔
اماراتی حکام کے مطابق دونوں چوروں نے نہایت چالاکی سے خاتون کو چکما دے کر اس سے بھاری رقم چرالی۔ حکام نے بتایا کہ متاثرہ خاتون بینک سے رقم نکالنے کے بعد گاڑی میں گھر جا رہی تھیں، اسی دوران دونوں ملزمان بینک سے ہی ان کی گاڑی کا پیچھا کرتے رہے۔
جب خاتون ایک مقام پر پہنچیں تو ایک چور نے انہیں کہا کہ آپ کی گاڑی کے ٹائر میں خرابی ہے۔ خاتون نے گاڑی روکی اور ٹائر چیک کرنے کے لیے باہر نکل آئیں، اسی دوران دوسرا چور گاڑی سے رقم کا بیگ اٹھا کر فرار ہو گیا۔
خاتون نے فوراً پولیس کو اطلاع دی، جس پر اماراتی حکام نے شارجہ پولیس کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے صرف تین گھنٹے کے اندر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں چور دیگر امارات میں بھی اسی نوعیت کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ پولیس نے ان کے خلاف مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ ان کے جرائم کا مکمل ریکارڈ سامنے لایا جا سکے۔

