قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں شاہد آفریدی کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کر دیا۔
بابر اعظم صرف دو گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ انہیں کوربن بوش نے پاور پلے کے آخری اوور میں شکار کیا۔
اس اننگز کے ساتھ بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں آٹھویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا شاہد آفریدی کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کیا۔
آٹھویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مرتبہ بغیر رن بنائے آؤٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی فہرست میں شاہد آفریدی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے۔ اس فہرست میں عمر اکمل، صائم ایوب اور کامران اکمل بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 18.1 اوورز میں 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کوربن بوش نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ریزا ہینڈرکس نے 40 گیندوں پر 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
پاکستان کی طرف سے محمد نواز نمایاں بولر رہے، جنہوں نے 26 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ بیٹنگ میں صائم ایوب نے 37 اور محمد نواز نے 36 رنز کی اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت دکھائی۔

