ذرائع کے مطابق سوئی گیس کمپنیوں نے گیس ٹیرف میں 28.62 فیصد تک اضافے کی سفارش کی ہے۔ اوگرا نے اس حوالے سے دو الگ الگ سماعتوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی کی درخواست پر 7 نومبر جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی درخواست پر 11 نومبر کو سماعت ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ اور بلوچستان کے لیے گیس ٹیرف میں گزشتہ مالی سال کے بقایاجات کو شامل کرتے ہوئے مجموعی طور پر تقریباً 22 فیصد اضافے کی درخواست کی ہے۔
دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی نے اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 28.62 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے۔
سوئی ناردرن نے گیس ٹیرف میں اوسطاً 189 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی ہے، جبکہ 316 روپے 64 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافی لاگت ایل این جی سروس چارجز کے طور پر مانگی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا سماعتوں کے بعد عوامی مفاد اور توانائی لاگت کے جائزے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی، جس کے بعد نئے نرخوں کا اطلاق آئندہ سہ ماہی میں متوقع ہے۔

