فلسطینی مزاحمتی تنظیم نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث مغویوں کی لاشوں کی حوالگی مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے جاری بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی مسلسل بمباری اور زمینی کارروائیاں یرغمالیوں کی لاشوں کی تلاش اور ان کی حوالگی کے عمل میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے گزشتہ روز ایک اسرائیلی یرغمالی کی لاش حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اسرائیلی افواج کے تازہ حملوں اور معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کے بعد یہ عمل مؤخر کر دیا گیا۔
القصام بریگیڈز نے اسرائیلی بمباری کو شرم الشیخ میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ رفح کراسنگ کی مسلسل بندش اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اسرائیل معاہدے کی شرائط پامال کرنے اور امن عمل کو سبوتاژ کرنے پر تُلا ہوا ہے۔
حماس نے جنگ بندی کے ضامن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریں، اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ حملے روکے اور معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے۔

