صدی کا سب سے بڑا سمندری طوفان ملیسا جمیکا سے ٹکرا گیا، جس نے پورے خطے میں تباہی مچا دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طوفان ملیسا جمیکا سے ٹکرانے کے بعد اب کیوبا کی سمت بڑھ رہا ہے، جہاں حکام نے ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کیوبا کے مختلف علاقوں سے اب تک سات لاکھ سے زائد افراد طوفان سے ممکنہ نقصان کے خدشے کے باعث اپنے گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔
امریکی نیشنل ہریکن سینٹر کے مطابق ملیسا کو کیٹیگری 5 کے انتہائی خطرناک طوفان کے طور پر ریکارڈ کیا گیا، جس کے دوران جمیکا میں 185 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شدید ہوائیں چلیں۔ تاہم اب یہ طوفان کچھ کمزور ہو کر کیٹیگری 4 میں تبدیل ہو گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق طوفان کے نتیجے میں شدید بارشوں، طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بدستور برقرار ہے۔ مختلف رپورٹس کے مطابق اب تک سات افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، جن میں تین کا تعلق جمیکا، تین کا ہیٹی اور ایک کا ڈومینیشا ریپبلک سے ہے۔
جمیکا کے وزیراعظم نے عوام سے تحمل اور احتیاط کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کوئی ایسا انفرااسٹرکچر موجود نہیں جو کیٹیگری 5 کے طوفان کی شدت برداشت کر سکے۔
ادھر بین الاقوامی امدادی اداروں نے بھی خبردار کیا ہے کہ طوفان ملیسا کیوبا، بہاماس اور دیگر کیریبین جزائر میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا سکتا ہے، جبکہ ہزاروں افراد کو ہنگامی امداد اور پناہ کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔

