اکتوبر میں 3 کروڑ 44 لاکھ روپے کا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا،چور ڈاکوؤں سے 37 موٹر سائیکل، 113 سولر موٹرز، پلیٹیں، انورٹرز، مویشی برآمد کئے گئے
ضلعی پولیس لیہ چوروں ڈاکوؤں سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ افراد کے خلاف برسر پیکار ہے۔ ڈی پی او محمد علی وسیم گجر نے پولیس لائن لیہ میں ہونے والی تقریب میں 3 کروڑ 44 لاکھ روپے کا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کر دیا۔ ڈی پی او محمد علی وسیم کا کہنا تھا کہ ضلع بھر کے 8 تھانوں میں چوری ڈکیتی کے 290 مقدمات درج کئے گئے جس میں سی آئی اے سٹاف اور پنجاب پولیس نے بھر پور کوشش کے بعد متعدد مجرمان کو گرفتار کر کے 3 کروڑ 44 لاکھ روپے کے 37موٹر سائیکل، سولر موٹرز، پلیٹیں، انورٹرز، موبائل فونز، جانوروں سمیت دیگر سامان اور نقدی برآمد کر لی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 9 ماہ میں سینکڑوں جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے کر کم و بیش 25 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے اور برآمد شدہ سامان و نقدی لٹنے والے اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔ تقریب میں ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز سمیت دیگر پولیس افسران و ملازمین اور سول سوسائٹی نے بھر پور شرکت کی، ضلعی پولیس کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
100 فیصد ریکوری کی کوشش کر رہے ہیں پنجاب پولیس اور سی آئی اے متحرک ہے۔ ڈی پی او
