کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ ای چالان صرف اسی شخص کے پاس جائے گا جس کے نام پر گاڑی رجسٹرڈ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں جہاں بھی ٹریفک سگنل ہوگا وہاں ای چالان کا نظام فعال ہوگا، ٹریفک سگنلز کے ساتھ نصب کیمرے ایک ماہ کے اندر فعال کر دیے جائیں گے جبکہ ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران شہر میں 12 ہزار کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کراچی میں 2600 چالان کیے گئے لیکن کراچی جیسے بڑے شہر میں یہ تعداد بہت کم ہے۔ ان کے مطابق یہ نظام شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ موٹرسائیکل کے دو اقسام کے چالان ہوں گے اور ای چالان ہمیشہ اسی شخص کے نام پر جاری کیا جائے گا جس کے نام پر گاڑی یا موٹرسائیکل رجسٹرڈ ہوگی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اگر کسی نے گاڑی فروخت کر دی ہے مگر ابھی تک اپنے نام سے منتقلی نہیں کروائی تو یہ عمل بھی جرم تصور کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 10 ہزار ٹریلر اور ٹینکرز رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں جن پر ٹریکرز نصب کیے گئے ہیں، یہ ٹریکرز ای چالان سسٹم سے منسلک ہیں اور جیسے ہی کوئی ہیوی گاڑی 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی مقررہ حد سے تجاوز کرے گی تو خودکار طور پر ای چالان جاری ہوجائے گا۔
ضیا لنجار نے کہا کہ یہ جدید نظام فینسی نمبر پلیٹس کی شناخت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر مختلف علاقوں میں ڈرائیونگ لائسنس کے تربیتی مراکز بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر ٹریننگ فراہم کی جا سکے۔
