اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے افغان وفد کے اس بیان کو مضحکہ خیز اور غیر منطقی قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ٹی ٹی پی کے دہشت گرد دراصل پاکستانی پناہ گزین ہیں جو اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ کیسے پناہ گزین ہیں جو اپنے گھروں میں انتہائی تباہ کن اسلحے سے لیس ہوکر جا رہے ہیں اور وہ بھی عام راستوں سے نہیں بلکہ پہاڑوں کے دشوار گزار راستوں سے چوروں کی طرح پاکستان میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے افغان وفد کی اس تاویل کو بدنیتی اور خلوص کی کمی کا واضح ثبوت قرار دیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ یہ مؤقف دراصل اس حقیقت سے فرار کی کوشش ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے پورے خلوص کے ساتھ افغانستان کے ساتھ امن اور تعاون کی پالیسی اپنائی، مگر کابل نے تصادم کا راستہ اختیار کیا ہے۔ اگر طالبان نے اپنی لگام دہلی کے حوالے کر دی ہے تو پھر پاکستان کو اپنے دفاع کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ اگر افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوئی تو پاکستان بھرپور اور مؤثر جواب دے گا، چاہے اس کے لیے کارروائی افغانستان کے اندر تک کیوں نہ جانا پڑے۔

