لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
سیریز ایک، ایک میچ سے برابر ہے، جس کے بعد آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی جنوبی افریقہ نے اپنے نام کیا تھا، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو بآسانی شکست دی اور سیریز میں واپسی کی۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے تیسرے اور فیصلہ کن میچ کے لیے ٹیم میں کسی تبدیلی کا فیصلہ نہیں کیا ہے، اور دوسرے میچ میں کھیلنے والی پلیئنگ الیون کو ہی برقرار رکھا جائے گا۔
پاکستانی شائقینِ کرکٹ بیٹر صائم ایوب کی فارم میں واپسی پر پرجوش ہیں، جبکہ بیٹنگ لائن میں بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان سے بھی بڑی اننگز کی توقعات وابستہ کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب بولنگ شعبے میں فہیم اشرف اور نوجوان پیسر سلمان مرزا سے بھی امیدیں لگائی جا رہی ہیں کہ وہ حریف ٹیم کے خطرناک بلے بازوں کو جلد قابو میں لائیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم میں میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں، اور کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے بےچینی سے منتظر ہے۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ لاہور کی وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے، اس لیے ایک ہائی اسکورنگ مقابلہ متوقع ہے۔

