اسلام آباد: آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت کی پاکستان کے خلاف ایک اور دہشت گرد کارروائی پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے ناکام بنا دی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا محمد تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی سازش کے تفصیلی شواہد پیش کیے اور بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے پاکستانی شہری اعجاز ملاح کا اعترافی ویڈیو بیان بھی جاری کیا۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت نے نئی جھوٹی مہمات شروع کیں۔ بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے اعجاز ملاح نامی ایک پاکستانی مچھیرے کو سمندر سے گرفتار کیا، اسے نامعلوم مقام پر منتقل کیا اور دباؤ ڈال کر جاسوسی کے لیے تیار کیا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق بھارتی ایجنسی نے اعجاز ملاح کو فوج، نیوی اور رینجرز کی وردیاں، موبائل سمز، فون بلز اور پاکستانی کرنسی کے پرانے نوٹ حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ اس دوران پاکستانی انٹیلی جنس ادارے اعجاز ملاح کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ جب وہ بھارت کی ہدایت پر دریا کے راستے روانہ ہوا تو راستے میں ہی اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پریس کانفرنس کے دوران اعجاز ملاح کا ویڈیو بیان بھی دکھایا گیا جس میں اس نے اعتراف کیا کہ بھارتی ایجنسیوں نے اسے کہا تھا کہ اگر وہ ان کے لیے کام نہیں کرے گا تو اسے جیل میں رکھا جائے گا۔ اس نے مزید بتایا کہ اس نے تمام مطلوبہ سامان جمع کر کے بھارتی افسر اشوک کمار کو اس کی تصویر بھیجی، مگر پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ گرفتاری واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کے انٹیلی جنس ادارے ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان مخالف مہم اس کی عسکری اور سفارتی ناکامیوں کا مظہر ہے، کیونکہ پاکستان عالمی سطح پر عزت و وقار حاصل کر رہا ہے اور یہی بھارت کو برداشت نہیں۔
عطا تارڑ کے مطابق بھارت نے گجرات اور کَچھ کے قریب فوجی مشقوں کی آڑ میں پاکستان مخالف کارروائیاں شروع کیں، ان مشقوں کا مقصد تخریب کاری اور پروپیگنڈا پھیلانا تھا، لیکن پاکستانی اداروں نے بھارتی خفیہ ایجنسی کی سازش ناکام بنا دی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے جھوٹے بیانیے اور من گھڑت دعوے ایک بار پھر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں، اور پاکستان اس معاملے کو عالمی سطح پر بھی اٹھائے گا۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ پہلے آپریشن سندور کے ذریعے بھارت نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کی، اب "آپریشن پروپیگنڈا” کے نام سے نئی مہم شروع کی گئی ہے، مگر ایک بار پھر پاکستان نے بھارت کے عزائم خاک میں ملا دیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے عالمی سطح پر سچائی اجاگر کر کے اپنی ساکھ کو مضبوط بنایا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران بھارتی ہینڈلر اور اعجاز ملاح کے درمیان ہونے والی فون کالز کی آڈیو بھی سنائی گئیں جن سے بھارتی مداخلت کے واضح ثبوت ملے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کو سمجھ لینا چاہیے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مذموم کارروائی کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، پاکستانی ادارے ہر محاذ پر ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

