اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں اور شخصیات سے رابطے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ شاہ محمود قریشی سے ہونے والی ملاقات میں کیا گیا جس میں پارٹی کے سابق سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔ ملاقات کے دوران عمران خان کی رہائی، سیاسی درجہ حرارت میں کمی اور ملکی سیاسی بحران کے حل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں نے اس مقصد کے لیے ایک رابطہ کاری مشن تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے، جس میں فواد چوہدری، عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، سبطین خان سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔ رابطہ کاری مشن مختلف سیاسی جماعتوں، رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا تاکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے وسیع سیاسی اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔
ملاقات میں شریک ذرائع نے بتایا کہ سابق قیادت نے شاہ محمود قریشی سے درخواست کی کہ وہ معاملات کو درست سمت میں لانے اور سیاسی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اس دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے مفاہمتی رویہ اختیار کیا جائے گا تاکہ ملک میں سیاسی استحکام پیدا کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق رہنما مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی سے براہ راست رابطے کی کوششوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فواد چوہدری، علی زیدی اور دیگر رہنماؤں نے اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ سے بھی ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی حالات، پارٹی کی پوزیشن اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی سابق قیادت سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے اور قومی مفاہمت کے امکانات پیدا کرنے کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیک ڈور رابطے بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

