قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقا کے خلاف فیصلہ کن میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
بابر اعظم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ شکر گزار ہیں کہ دوبارہ وہی کام کر رہے ہیں جو انہیں سب سے زیادہ پسند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُن تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اُن پر اُس وقت بھی یقین رکھا جب وہ خاموشی سے محنت کر رہے تھے۔
گزشتہ روز کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں بابر اعظم نے 47 گیندوں پر 68 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی نپی تلی بیٹنگ نے نہ صرف ٹیم کا حوصلہ بلند کیا بلکہ میدان میں ان کی فارم کی واپسی نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔

بابر اعظم کی شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یہ مئی 2024 کے بعد پہلا موقع تھا جب بابر اعظم نے بین الاقوامی میچ میں نصف سنچری اسکور کی، جس سے یہ ثابت ہوا کہ وہ دوبارہ اپنے بھرپور کھیل میں واپس آ چکے ہیں۔
ان کی اس کارکردگی پر شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔ بابر کے حق میں تعریفوں اور حوصلہ افزائی کے تبصرے جاری ہیں، جب کہ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی واپسی ٹیم کے لیے نیک شگون ثابت ہوگی۔

