پشاور: یونیورسٹی روڈ پر واقع سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) تھانے میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دو اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا تھانے کے اسلحہ خانے میں ہوا جہاں پرانا دھماکا خیز مواد رکھا ہوا تھا۔ سی سی پی او پشاور کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا اسلحہ خانے میں رکھے پرانے بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا، جس کے بعد آگ لگ گئی اور گولہ بارود میں مزید دھماکے ہوئے۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ تھانے کی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ واقعے کے فوری بعد پولیس، ریسکیو اور بی ڈی یو (بم ڈسپوزل یونٹ) کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حکام کے مطابق زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ تھانے میں موجود تمام زیرِ حراست ملزمان کو سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ تھانہ اور اس کے اطراف کا علاقہ مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر پولیس نے واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار نہیں دیا، تاہم مزید تحقیقات کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔

