ریاض: سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لیے ویزا پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی مدتِ کار 3 ماہ سے کم کر کے ایک ماہ کر دی ہے، جو ویزا جاری ہونے کی تاریخ سے شمار کی جائے گی۔
یہ نئی پالیسی آئندہ ہفتے سے نافذالعمل ہوگی۔ وزارت کے مطابق اگر کوئی زائر ویزا جاری ہونے کے 30 دن کے اندر سعودی عرب میں داخل نہیں ہوتا تو اس کا ویزا خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔
وزارت نے وضاحت کی کہ ویزے کی مدت میں کمی سے سعودی عرب میں قیام کی اجازت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، تمام عمرہ زائرین کو بدستور ملک میں 3 ماہ تک قیام کی اجازت ہوگی۔
قومی کمیٹی برائے عمرہ و زیارت کے مشیر احمد باجعفر نے بتایا کہ یہ اقدام مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زائرین کے بڑھتے ہجوم کو منظم اور کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ انتظامی امور میں بہتری لائی جا سکے اور عمرہ زائرین کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
اس سے قبل سعودی حکومت نے عمرہ ضوابط مزید سخت کیے تھے، جن کے تحت زائرین کے لیے رہائش کی پیشگی بکنگ اور آمد پر ٹرانسپورٹ کی تصدیق لازمی قرار دی گئی تھی۔
سعودی حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ تمام اقسام کے ویزوں کے حامل افراد—جن میں سیاحتی، تجارتی یا فیملی ویزے شامل ہیں—اپنے قیام کے دوران عمرہ ادا کرنے کے اہل ہوں گے، بشرطیکہ وہ مقررہ قواعد و ضوابط پر عمل کریں۔

