دوحہ: قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کو تمام فلسطینیوں کی واحد نمائندہ حیثیت اختیار کرنی چاہیے، جبکہ غزہ اور مغربی کنارے کے لیے مشترکہ حکومت کا قیام ناگزیر ہے۔
سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں قطری وزیراعظم نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے “دو ریاستی حل” کے سوا کوئی دوسرا متبادل موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی گروہوں کے درمیان عبوری ٹیکنوکریٹک کمیٹی کے قیام پر مشاورت جاری ہے، جو مستقبل میں ایک متحد فلسطینی حکومت کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔
شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا کہ فلسطینی قیادت میں اتحاد اور ہم آہنگی کے بغیر مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن ممکن نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو بین الاقوامی معاہدوں اور انسانی حقوق کے اصولوں کا پابند بنائے۔
دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے غزہ میں امن معاہدے پر 10 اکتوبر کو دستخط ہونے کے بعد سے اب تک 194 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ تازہ ترین حملوں میں ایک اور فلسطینی شہید ہوا، جس سے اسرائیلی جارحیت کے باعث شہادتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تین یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کے لیے خاطر خواہ دباؤ نہیں ڈال رہا، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو رہی ہے۔

