اسلام آباد میں سپریم کورٹ کی کینٹین میں گیس سلینڈر پھٹنے سے دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق دھماکا اے سی گیس پلانٹ میں مرمت کے دوران پیش آیا، جس کے باعث کم از کم چار افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے سے کینٹین کے فرنیچر اور دیواروں کو بھی نقصان پہنچا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز اتنی زوردار تھی کہ عدالتوں میں موجود وکلا اور عملہ خوفزدہ ہو کر کمروں سے باہر نکل آئے۔ دھماکے کے نتیجے میں سپریم کورٹ کی کورٹ نمبر 6 بھی جزوی طور پر متاثر ہوئی۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین کیا جا سکے۔

