پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنے بچپن کے ایک مشکل اور دردناک دور سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ کم عمری میں گردوں کی ایک سنگین بیماری نیفریٹس (Nephritis) میں مبتلا ہوگئے تھے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران میزبان کے سوال پر حمزہ علی عباسی نے تصدیق کی کہ بچپن میں وہ اس بیماری میں مبتلا ہوئے، اور یہ ان کی زندگی کا نہایت کڑا وقت تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ان کی عمر تقریباً 8 سے 12 برس کے درمیان تھی جب اچانک ان کے گردے ناکارہ ہونا شروع ہوگئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بیماری ایسی تھی جس میں بغیر کسی واضح وجہ کے گردے فیل ہونے لگتے ہیں، اور میں مسلسل تکلیف میں رہتا تھا۔
حمزہ علی عباسی نے جذباتی انداز میں بتایا کہ اس دوران ان کی والدہ نے ان کے لیے بہت دعائیں کیں۔ مجھے یاد ہے امی نے جائے نماز بچھالی تھی اور اللہ کے سامنے بہت روئیں۔ شکر الحمداللہ کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے مکمل شفا دی۔
اداکار نے گفتگو کے دوران اپنے تعلیمی سفر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے سی ایس ایس امتحان اچھے نمبروں سے پاس کیا تھا۔ ان کے مطابق، امی سے میری شرط لگی تھی کہ اگر میں سی ایس ایس میں کامیاب ہوگیا تو آگے نوکری نہیں کروں گا، اور میں واقعی کامیاب ہوگیا۔
حمزہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے کچھ عرصہ پولیس کے محکمے میں ٹریننگ بھی کی اور مختصر مدت کے لیے بھرتی بھی ہوئے، تاہم وہ سرکاری ملازمت کے بجائے اداکاری کے شعبے میں آنا چاہتے تھے۔ امی چاہتی تھیں میں نوکری جاری رکھوں، مگر میں نے انہیں منا لیا کیونکہ میرا شوق اداکاری تھا۔
حمزہ علی عباسی کے اس انٹرویو کے کلپس سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئے ہیں، جہاں مداح ان کی سادگی، دینداری اور زندگی کے تجربات کو بے حد سراہ رہے ہیں۔

