پاکستان کی معروف میزبان اور اداکارہ جویریہ سعود نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے شوہروں کی بے وفائی اور ازدواجی تعلقات پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ جو جوڑیاں بظاہر بالکل پرفیکٹ نظر آتی ہیں، درحقیقت اکثر ان کے رشتے میں سب سے زیادہ مسائل ہوتے ہیں۔
جویریہ سعود نے کہا کہ اگر حقیقی زندگی میں کسی جوڑے کی زندگی ہر لحاظ سے مکمل اور مثالی دکھائی دے رہی ہو، شوہر بیوی کا حد سے زیادہ خیال رکھتا ہو، تحفے دیتا ہو اور ہر وقت نرمی دکھا رہا ہو، تو اکثر اس کے پیچھے کچھ اور کہانی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق، ایسے حالات میں ممکن ہے کہ شوہر اپنی کسی غلطی یا غیر ازدواجی تعلق کو چھپانے کے لیے بیوی کے ساتھ غیر معمولی نرمی اور خیال کا مظاہرہ کرے تاکہ شک پیدا نہ ہو۔
اداکارہ نے اپنی ذاتی زندگی کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اگر میرے شوہر سعود مجھ سے ذرا سا بھی زیادہ میٹھے انداز میں بات کریں تو میں فوراً پوچھتی ہوں کہ کیا کوئی کام ہے، کوئی بات ہے یا کوئی چکر تو نہیں چل رہا؟ جویریہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ بعد میں پتا چلتا ہے کہ اصل میں بچوں کا کوئی کام ہوتا ہے یا کوئی بات ہے جو مجھ سے منوانی ہوتی ہے۔
جویریہ سعود کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے سامنے آرہے ہیں۔ کچھ صارفین نے ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اکثر رشتوں میں ظاہری خوشی کے پیچھے چھپی کہانیاں ہوتی ہیں، جبکہ بعض نے اسے صرف ایک مزاحیہ تبصرہ قرار دیا۔

