امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ول میں ایئرپورٹ کے قریب ایک کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 11 زخمی ہوئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب کارگو طیارہ لوئی ول ایئرپورٹ سے پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی فنی خرابی کے باعث زمین سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور قریبی عمارتوں میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔ گرنے والا طیارہ امریکی ریاست ہوائی کے شہر ہونولولو کے ڈینیئل کےانوئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب روانہ تھا۔
لوئی ول کے میئر کے مطابق حادثے کے وقت طیارے میں تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار گیلن ایندھن موجود تھا جس کے باعث آگ تیزی سے پھیلی اور امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر آگ لگی اور آسمان پر دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔
حادثے کے بعد ایئرپورٹ انتظامیہ نے تمام آنے اور جانے والی پروازیں فوری طور پر معطل کر دیں جبکہ امریکی حکام نے ایئرپورٹ سے 5 میل کے فاصلے پر عارضی پناہ گاہیں قائم کرنے کا حکم دے دیا۔ درجنوں ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر آگ بجھانے اور لاشوں و زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم امریکی نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ (NTSB) نے واقعے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل تفصیلات آنے میں کچھ وقت لگے گا، تاہم امکان ہے کہ واقعہ طیارے میں فنی خرابی یا ایندھن کے نظام کی خرابی کے باعث پیش آیا۔

