وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وزیرآباد اور میانوالی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل، ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خصوصی پراجیکٹس کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
پارلیمنٹرینز نے وزیرآباد اور میانوالی میں گرین بس پراجیکٹ کے آغاز پر وزیراعلیٰ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور ستھرا پنجاب پراجیکٹ کو ایک تاریخی اقدام قرار دیا۔ انہوں نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے وزیراعلیٰ کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ارکان اسمبلی نے صوبے میں کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کے لیے ای بز پورٹل لانچ کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے ساتھ ہی نجی املاک پر ناجائز قبضے ختم کرانے کے لیے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو تاریخی اور جرات مندانہ قرار دیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) اور قائد محمد نواز شریف کے منشور کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ، گھر کی دہلیز تک مفت ادویات کی فراہمی اور دیگر منصوبے صوبے کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے عکاس ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ 30 لاکھ افراد کو 10 ہزار روپے کے پے آرڈر گھر کی دہلیز پر پہنچائے گئے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں 15 لاکھ افراد کو راشن کارڈ کے ذریعے ہر ماہ تین ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ریاست اپنے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کی مکمل ذمہ دار ہے اور کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ روزِ اول سے ہی مخلوقِ خدا کی خدمت کا عزم کیا ہوا ہے، پنجاب کے کسانوں کو مایوس نہیں کریں گے اور تمام ذمہ داریاں پوری طرح نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پنجاب کے عوام کے لیے بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے عمل کے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔
پارلیمنٹرینز نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقدامات سے دیہات تک ترقی کا دائرہ وسیع ہو چکا ہے، گرین بس پراجیکٹ میانوالی کے عوام کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف اعلان بعد میں کرتی ہیں لیکن منصوبے پر عمل درآمد پہلے شروع کر دیتی ہیں، جو ان کی شفافیت اور میرٹ پالیسی کا مظہر ہے۔
ارکان اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی بے لاگ قیادت نے صوبے کی تقدیر بدل دی ہے، میانوالی سے گرین بس پراجیکٹ کا آغاز مساوی ترقی کے ویژن کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرآباد سے گرین بس پراجیکٹ کے آغاز نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مریم نواز شریف اپنے وعدے نبھانا جانتی ہیں اور ان کے ترقیاتی اقدامات نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔

