لندن: لندن کے میئر صادق خان نے ظہران ممدانی کے میئر نیویارک منتخب ہونے کو "فنٹاسٹک فتح” (Fantastic Victory) قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیویارک کے شہریوں نے خوف، تقسیم اور نفرت کے بجائے امید، اتحاد اور ترقی پسندی کو چنا ہے۔
اپنے ایک بیان میں میئر لندن صادق خان نے کہا کہ "میں نیویارک کے عوام کو اس تاریخی فیصلے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔ نیویارک کے شہریوں نے جس جرأت، بصیرت اور روشن خیالی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے نفرت کے بیانیے کو مسترد کر کے ایک بہتر اور متحد مستقبل کا انتخاب کیا ہے۔”
صادق خان نے کہا کہ لندن کی طرح نیویارک بھی ایک لبرل، کثیرالثقافتی، ترقی پسند اور انتہائی کامیاب شہر ہے، جہاں مختلف قومیتوں، مذاہب اور ثقافتوں کے لوگ امن و احترام کے ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "جو کچھ صدر ٹرمپ ہیں، ہم اس کی ضد ہیں۔ ہم شمولیت، امید اور انصاف کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، جبکہ ٹرمپ کا طرزِ سیاست تقسیم اور نفرت پر مبنی ہے۔”
میئر لندن نے مزید کہا کہ ظہران ممدانی کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا کے بڑے شہر اب تنوع، مساوات اور انسانیت کے اصولوں پر چلنے والے رہنماؤں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "ممدانی کی جیت نیویارک کے نوجوانوں، تارکین وطن اور اقلیتوں کی کامیابی ہے، اور میں پرامید ہوں کہ وہ نیویارک کو مزید بہتر، محفوظ اور خوشحال بنانے میں کامیاب ہوں گے۔”
واضح رہے کہ برطانوی نژاد پاکستانی صادق خان مغربی دنیا کے سب سے بڑے شہروں میں سے ایک، لندن کے پہلے مسلم میئر ہیں۔ وہ 2016 میں پہلی بار اس عہدے پر منتخب ہوئے، جس کے بعد 2021 اور 2024 میں بھی انہوں نے لگاتار کامیابی حاصل کی۔ صادق خان اپنی لبرل اور ترقی پسند سوچ، ماحولیاتی پالیسیوں اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بین الاقوامی سطح پر بھی جانے جاتے ہیں۔
ظہران ممدانی کی کامیابی کے بعد لندن اور نیویارک دونوں دنیا کے دو بڑے شہروں میں ایسے رہنماؤں کے زیرِ قیادت آ گئے ہیں جو اقلیتوں کی نمائندگی اور ترقی پسند اقدار کے حامی ہیں، جسے عالمی سیاست میں ایک تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔

