اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران عالمی امن، علاقائی استحکام اور مسلم امہ کے اتحاد کے لیے ایک جیسے عزائم رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کے دوران کہی، جو پارلیمانی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے۔
ملاقات میں وزیراعظم نے ایرانی وفد کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور ایران ہمیشہ پرامن ذرائع، بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔ شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات اور عزت و احترام کے پیغامات بھی پہنچائے۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اس لعنت کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید تقویت دینا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نہ صرف عالمی امن بلکہ مسلم امہ کے اتحاد و یگانگت کے فروغ کے لیے بھی پرعزم ہیں۔
شہباز شریف نے معاشی اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے دائرہ کار کو وسعت دینے، سرحدی تجارت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور توانائی کے شعبے میں اشتراک کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
ایرانی اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے حالیہ ایران-اسرائیل جنگ کے دوران پاکستان کے مؤقف اور تعاون کو سراہا اور کہا کہ ایرانی عوام پاکستان کی حمایت کو خلوصِ دل سے تسلیم کرتے ہیں۔
ڈاکٹر قالیباف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ساتھ پارلیمانی روابط کو مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کے لیے خیر سگالی کے پیغامات بھی پہنچائے۔
ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

